وزیر اعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

December 15, 2019

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب کو جی 20 کی صدارت ملنے پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عالمی برادری میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کا عکاس ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے سرمایہ کاری میں نئے دور کا آغاز ہوا، وزیر اعظم نے پاک سعودی تعلقات کو امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم قرار دیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میںوزیراعظم عمران خان نے پاک سعودی تعلقات کی اسٹریٹجک اہمیت پر زور دیا، ملاقات میں او آئی سی اور دیگر ذرائع سے کشمیر کاز کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر بھارت کے متشدد اقدامات سے آگاہ کیا اور مسئلہ کشمیر پر حمایت کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تنازعات اور اختلافات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کیا جائے، پاکستان خطے میں امن کے لیے تمام ترکوششوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی میں ہر ممکن تعاون پر اتفاق کیا اور کہا کہ سیاحت میں تعاون کے لیے سعودی ٹیم جلد ہی پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاک سعودی تعلقات کو ایک نئی سطح پر لے جانے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضحرہے کہ مئی 2019ء کے بعد وزیراعظم عمران خان کا سعودی عرب کا یہ چوتھا دورہ تھا۔