یونیورسٹیوں کابنیادی کام نئے علم کی تحقیق ہے،پروفیسر نیازاحمد

December 16, 2019

لاہور(خبر نگار)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد نے پاکستان کی معاشی اور معاشرے کے مختلف اہم شعبوں کی ترقی کے لئے تین نئے تدریسی، تربیتی و تحقیقی مراکز قائم کر دئیے ہیں۔ اس سلسلے میں پروفیسر نیاز احمد کی زیر صدارت اکیڈیمک کونسل کا اعلیٰ سطح اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ یونیورسٹیوں کا بنیادی کردار یہ ہے کہ وہ نئے علم کی تخلیق کریں اور ملک اور معاشرے کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں یونیورسٹیاں یہ کردار بخوبی ادا کر رہی ہیں۔ اور پاکستان کی یونیورسٹیوں کو بھی چاہئیے کہ ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر فار سولٹی اینڈ انٹیگریٹی کے قیام کا مقصد بہترین اخلاقی اقدار کے حامل ایسے ایماندار اور ذمہ شہری پیدا کرنا ہے جو قوم اور اداروں کو عظیم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر کے قیام سے زندگی کے مختلف شعبوں اور کام کی جگہوں پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر فار سوشل ڈویلپمنٹ اینڈ سوشل انٹریپنور شپ معاشرے میں معیار زندگی کو بہتر بنانے اور غریب اور پسے ہوئے طبقے کے مسائل حل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر سے نچلی سطح پر روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سنٹر فار ریسرچ آن ایس جی ڈیز سے ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے تحقیق کی جائے گی جو دنیا زندگی کے تمام شعبوں میں حاصل کرنا چاہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سنٹرسے مختلف تحقیقی شعبہ جات میں ہونے والی تحقیق کا ایک نقشہ بنایا جائے گا جو پاکستان میں تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلیوں، خوراک،زراعت ایسے شعبوں میں ایس جی ڈیز کے مقاصد حاصل کرنے کے لئے مددگار ہو گا اور نئے حل بھی پیش کرے گا۔