کراچی سرکلر ریلوے کے زیرالتوا معاملات رواں ماہ حل کئے جائیں گے، وفاقی حکومت

January 14, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) کراچی گورنر ہائوس میں کراچی کے لیے وفاق کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے زیر التواء معاملات رواں ماہ حل کئے جائینگے،پاکستان ریلوے ، کےپی ٹی ، اور وزارت منصوبہ بندی لیاری ایکسپریس وے ، ناردرن بائی پاس اور فریٹ کوریڈور کےلیے جنوری کے اختتام سے قبل مشترکہ طور پر ایک تجویز تیار کی جائےگی ۔

اسدعمر نے کہا کہ متعلقہ محکمے پروجیکٹس کا پروسیس تیز ،اور اہم منصوبوں کو جلد مکمل کریں ۔

وزارت منصوبہ بندی کے مطابق اجلاس میں گورنر سندھ ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی ، وفاقی وزیر وزارت میری ٹائم افیئرز اور وزارت ریلوے ، وزارت میری ٹائم افیئر ز، این ایچ اے ، کراچی پورٹ ٹرسٹ ، ایس آئی ڈی سی ایل ، کے ایم سی اور حکومت سند ھ کے حکام شریک ہوئے۔

اجلا س میں کراچی ، سرکلر ریلوے ، لیاری ایکسپریس وے ، ناردرن بائی پاس، کے پی ٹی سے پیپری تک فریٹ کوریڈور کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کراچی کے فزیکل انفراسٹرکچر میں جلد ازجلد بہتری کے خواہاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے بہت سے منصوبوں میں باہمی تعاون اور کوآرڈینیشن کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوہفتوں کے اندر یہ دوسرا اجلاس ہے جس کامقصد مختلف محکموں کےمابین تعاون اور رابطوں کو یقینی بنانا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے پروجیکٹس کے پروسیس کو تیز کریں اور عملدرآمد شروع کریں اور اہم منصوبوں کو جلد مکمل کریں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی وزارتیں اور محکمے پروجیکٹس کی تکمیل کے لیے عملدرآمد کریں گے اور صوبائی اتھارٹیز پروسسنگ اور عملدرآمد کریں ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے زیر التواء معاملات کو رواں ماہ حل کیا جائےگا ۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن سے کہا گیا ہےکہ وہ کراچی میں ہائر ایجوکیشن کے مواقع سے متعلق ایک پریزٹیشن آئندہ اجلاس میں پیش کی جائے۔