سندھ حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے میں سنجید نہیں،خرم شیر زمان

January 15, 2020

کراچی،(اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی کے مسائل کے حل میں سنجید نہیں، ٹرانسپورٹ کی ابتر صورتحال سے شہریوں کو شدید مشکلا ت کا سامنا ہے، وزیر ٹرانسپورٹ بتائیں کہ جن بسوں کے پراجیکٹس کا اعلان وہ ماضی میں کر چکے ہیں وہ کب سڑکوں پر نظر آئیں گی،وزیر ٹرانسپورٹ ہر ماہ ایک نئے پراجیکٹ کا وعدہ کرتے ہیں جو صرف کاغذوں تک محدود ہیں، اپنے ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ سڑکوں پر چلنے والے رکشے چلتے پھرتے بم ہیں، رکشوں کو بوتل میں پیٹرول ڈال کر چلایا جارہا ہے جو کہ انسانی جان کے لئے بہت بڑا خطرہ ہے،سی این جی پر چلنے والی بسیں اور گاڑیاں بغیر کسی فٹنس سرٹیفکیٹ کے سڑکوں پر گھوم رہی ہیں۔ غیر معیاری سیلنڈر اور پیٹرول گاڑی میں رکھنے سے حال ہی میں خطرناک واقعات رونما ہوئے ہیں،گزشتہ دنوں نیو کراچی میں گاڑی میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جس میں 9افراد جان کی بازی ہار گئے تھے،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ میں اتنی اہلیت نہیں کہ کوئی ایک محکمہ بہتر طریقے سے چلا سکیں،حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لئے حکمت عملی ترتیب دیں۔