سرکاری اسپتالوں کے طبی عملے کا کراچی پریس کلب پر دھرنا جاری

January 17, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی سمیت سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کے طبی عملے کا کراچی پریس کلب پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا، صوبے بھر کے پیرا میڈیکل اسٹاف نے سندھ حکومت کو مطالبات کی منظوری کے لئے چار دن کا وقت دے دیا، تفصیلات کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری اسپتالوں کے پیرا میڈیکل اسٹاف کا مطالبات کی منظوری کے لئے کراچی پریس کلب پر دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا، احتجاجی مظاہرین میں مرد حضرات سمیت خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے اپنے مطالابت کے حق میں شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ مطالبات فوری منظور کئے جائیں بصورت دیگر دھرنا جاری رکھیں گے مطالبات پیش کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف کا سروس اسٹرکچر فوری طور پر بحال کیا جائے، ٹائم اسکیل ادا کیا جائے، ریکوری لیٹر فوری منسوخ کیا جائے، پیرا میڈیکل کو فوری طور پر 30فیصد ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس لیا جائے، ویکسینیٹر کو مستقل کیا جائے، انکا کہنا تھا کہ احتجاج کے پہلے روز سیکرٹری صحت سندھ زاہد سعید نے رابطہ کیا تھا اور مزاکرات کے لئے طلب کیا تھا لیکن ہم نے ملاقات نہیں کی، ہمارے مطالبات واضح ہیں ہم کسی بھی قسم کے مزاکرات نہیں کرنا چاہتے محکمہ صحت سندھ نوٹیفکیشن جاری کرے۔