شہری ہیلمٹ کی اہمیت ، افادیت اور سیفٹی کو سمجھیں ،آر پی او

January 17, 2020

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈ ی سہیل حبیب تاجک نے کہا ہے کہ ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کیلئے اتنا ہی ضروری ہے جتنی جسم کی تندرستی کے لئے غذا، شہری ہیلمٹ کی اہمیت ، افادیت اور سیفٹی کو سمجھیں اور موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور روڈ پر فرینڈلی پولیسنگ کے تحت موٹر سائیکل سواروں میں ہیلمٹ تقسیم اور پہناتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف ، سرکل کے ڈی ایس پیز،نجی یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء اور مبین انور بھی موجود تھے۔ اس موقع پر آر پی او سہیل حبیب تاجک اور سی ٹی او محمد بن اشرف نے موٹر سائیکل سواروں کو خود ہیلمٹ پہنائے اور بریفنگ دی ۔شہریوں کی کثیر تعداد نے ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ آگاہی مہم میں دلچسپی لی اور ہیلمٹ پہنانے کے حوالے سے دیئے جانے والے پیغام کو سراہا۔ ریجنل پولیس آفیسر نے ٹریفک پولیس کو احکامات جاری کئے کہ دوسرے مرحلے میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوارو ں کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ شہریوں کی آن گرائونڈ جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اس حوالے سے مربوط لائحہ عمل مرتب کر کے عملی طور پر اس پر کام کیا جائے تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔دریں اثناءآر پی او راولپنڈی نے کہاہے کہ پولیس ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ پولیس اہل کار اپنی تمام تر توجہ جرائم کی بیخ کنی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مرکوز رکھیں۔وہ جمعرات کو اہلکاروں کے مسائل سننے کے لئے ہونے والے اجلاس میں اہلکاروں سے گفتگو کررہے تھے ۔ انہوں نے افسران و ملازمین کو باری باری سننے کے بعدموقع پر احکامات جاری کئے۔