خواتین و بچوں پر تشدد کے ذمہ داروں کو کڑی سزا ملنی چاہئے، ارکان سینیٹ

January 18, 2020

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایوان بالا میں وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کی خواتین کے حقوق سے متعلق تحریک پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ اب بھی ایک کروڑ سے زائد خواتین کے شناختی کارڈ نہیں بن سکے ، لاکھوں خواتین شناختی کارڈ بننے کے باوجود اپنا قانونی اور آئینی حق استعمال کرنے سے قاصر ہیں،ہمیں خواتین کے حقوق سے غافل نہیں رہنا چاہئے‘ سینیٹر نزہت صادق نے کہا کہ خواتین کی آزادی ضرور ہونی چاہئے جو قرآن و سنت نے انہیں تفویض کی ہے، سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے علما کا انتہائی اہم کردار ہے، خواتین کے وراثت‘ حق مہر اور مرضی کی شادی کے حوالے سے مسائل حل کرنیکی ضرورت ہے، خواتین و بچوں پر تشدد کے ذمہ داروں کو کڑی سزا ملنی چاہئے، سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا کہ غیرت کے نام پر قتل کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے ہر شخص کو اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔