بزدار، عمران خان کی ضد، انکی سفارش بہت مضبوط، تجزیہ کار

January 19, 2020

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل کے پہلے سوال وزرا کی تنقید کے بعد بھی وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر وزیراعظم کا اعتماد درست ہے؟جواب میں تجزیہ کارحفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ اگر عثمان بزدار رہتے ہیں تو عمران خان کے اقتدار کے دن گنے جا چکے۔

محمل سرفراز نے کہا کہ پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بالکل ڈیلیور نہیں کر پارہی پنجاب کے وزرا عثمان بزدار کی شکایت کرتے نظر آتے۔ بینظیر شاہ نے کہا کہ سمجھ نہیں آئی کہ عثمان بزدار کے حق میں وزیراعظم کیوں ڈٹے ہوئے ہیں۔

سلیم صافی نے کہا کہ عثمان بزدار کی سفارش اتنی مضبوط ہے کوئی ان کا نام بھی نہیں لے سکتا۔ مظہر عباس نے کہا کہ عثمان بزدار عمران خان کی ضد ہیں اس لئے وہ تمام اعتراضات کو مسترد کررہے ہیں یہ ان کا انفرادی فیصلہ ہے وزرا کا اعتراض یہ ہے کہ عثمان بزدار کی موجودگی میں ن لیگ کا گراف بجائے نیچے جانے کے اوپر جارہا ہے۔

دوسرے سوال کے اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کا تمام ممبران کو مسلمان ہونے کا حلف نامہ 31 جنوری تک جمع کرانے کا حکم، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر احتجاجاً مستعفی،کیا بار کا یہ اقدام درست ہے کے جواب میں حفیظ اللّٰہ نیازی نے کہا کہ بار نے مسلمان ہونے پر نہیں ختم نبوت پر حلف مانگا ہے اور یہ ہی آپ کا آئین کہتا ہے آپ کا وزیراعظم بھی یہ حلف اٹھاتا ہے۔

مظہر عباس نے کہا کہ یہ اقدام بالکل درست نہیں ہے اس طرح آپ وکلا برادری کو تقسیم کر رہے ہیں،پاکستان بارکونسل اور سپریم کورٹ بار کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔سلیم صافی نے کہا کہ یہ انتہائی نا مناسب بات ہے ہم انڈیا پر اس حوالے سے تنقید کررہے ہیں توکیا ہم انڈیا کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔

بینظیر شاہ نے کہا کہ یہ اچھے مسلمان تھے جنہوں نے پی آئی سی پر حملہ کیا جس کی وجہ سے تین افراد جاں بحق ہوئے ان سے تو انسانیت کا سر ٹیفکیٹ مانگنا چاہئے۔

محمل سرفراز نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے ہم انڈیا کو بہانے فراہم کررہے ہیں ریاست کو مداخلت کرنی چاہئے کہ آپ ہوتے کون ہیں کسی سے مذہب کی باز پرس کرنے والے۔