آئرلینڈ، ایک سال کے دوران  ڈرگس کے استعمال سے 189 اموات

January 19, 2020

لندن ( جنگ نیوز) شمالی آئرلینڈ میں گزشتہ برس ڈرگس کے استعمال سے ہونے والی اموات میں اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال ڈرگس کےاستعمال سے مرنے والوں کی تعداد 189 تھی ۔ یہ تعداد 2017 کی تعداد 136 کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ اور 10 برس پہلے کے مقابلے میں دگنی ہے ۔ شمالی آئرلینڈ کی سٹیٹیسٹکس اینڈ ریسرچ ایجنسی کے اعداد و شمار سے پتہ چلا کہ ان اموات میں پانچ میں سے تین یا اس سے زیادہ ڈرگس کے استعمال کے نتیجے میں ہوئیں ۔ 40 اموات کا تعلق ہیروئن اور مارفین سے ہے جو کہ ریکارڈ تعداد ہے ۔ ایجنسی کے اعداد و شمار یہ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ محروم اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد میں ڈرگس سے منسلک ہلاکتوں کے امکانات پانچ گنا ہیں ۔ بلفاسٹ ایس ڈی ایل پی کے کونسلر پال میکسکر نے حکومت سے اس سلے میں فوری اور ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو فوری علاج کی فراہمی میں ناکامی کی قیمت جانوں کے نقصان سے چکانا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ صورت حال کسی طور قابل قبول نہیں ہے ۔اب ہم مزید انتظار نہیں کر سکتے ۔ اس سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ ڈرگس سے منسلک اموات کو کم کرنے میں مدد کیلئے ایک ڈرگس ٹاسک فورس کی ضرورت ہے۔ اعداد و شمار سے کے مطابق 189 میں سے نصف مرنے والوں کی عمریں 25-24 سال کے درمیان تھیں ۔ 2017 میں کوکین کے استعمال سے مرنے والوں کی تعداد 13 تھی جو 2018 میں بڑھ کر 28 ہو گئی ۔ 2018 میں منشیات سے ہونے والی تمام اموات میں سے تقریبا 23 فیصد کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں الکحل کا ذکر تھا اور یہ تناسب گزشتہ پانچ سال سے مستقل برقرار ہے۔