روٹی کپڑا اورمکان کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، اسد اللّٰه بھٹو

January 21, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللّٰه بھٹو نے کہا ہے کہ تبدیلی، روٹی کپڑ ااورمکان دینے سمیت تمام دعوے جھوٹے ثابت ہوئے، حقیقی تبدیلی ، روزگارکی فراہمی اور مہنگائی سے نجات سمیت تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کے نفاذ میں ہے، عوام نے تمام نظام اور لوگوں کو آزمالیا اب حل صرف اسلامی نظام اور دیانتدار قیادت ہے، جماعت اسلامی ملک میں اصلاح معاشرہ کے ساتھ افراد کی کردار سازی اور شریعت کے نفاذ کےلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری اورقوم کومتبادل ودیانتدار قیادت منتخب کرنے کا موقع دیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے احسن آبادگلشن معمار میں جماعت اسلامی کے دیرینہ کارکن محمد عاقل عثمانی کی وفات پر ان کے گھر صاحبزادے عاصم عثمانی سے تعزیت کے بعد بات چیت کے دوران کیا، انہوں نے مرحوم کی مغفرت ، دینی و تحریکی خدمات کی تحسین اور پسماندگان کےلئے صبر جمیل کی دعا کی، اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں نہ رہتے ہوئے بھی رضائے الہیٰ کے حصول کی خاطر مظلوم عوام کی دادا رسی میں عملی طور مصروف ہے، کراچی میں سابق میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کا کام اور کردار پوری قوم کے سامنے ہے، آج کراچی شہر لاوارث، عملی طور پر کے الیکٹرک کے ظلم کا شکار، ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی اور کچرہ کنڈی میں تبدیل ہوگیا ہے، جماعت اسلامی کو موقع ملا تو دوبارہ اس شہر کی تعمیر و ترقی اور رنقیں بحال کرے گی ۔