تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے تعلیم کی بہتری کیلئے کچھ نہیں کیا، حافظ نعیم

January 22, 2020

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک اور قومیں اپنے تعلیمی نظام کی وجہ سے ہی ترقی کرتی ہیں، تعلیم ہی ایک باوقار قوم اور ملک بناتی ہے،تعلیم کو تجارت نہ بنایا جائے، تعلیم ہمارا حق ہے،حکمران طبقے نے ہی قوم کو غربت اور جہالت کا شکار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ وفاقی جامعہ اردو کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے جامعہ اردو کے رجسٹرار ساجد جہانگیر، اسٹوڈینٹس ایڈوائزر افضال،شعبہ ارضیات کی سربراہ سیما ناز، رکن صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سائنس فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر محمد زاہد، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم عمراحمد خان، ناظم زون انیق احمد تابش، جامعہ اردو کے ناظم عتیق الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔حافظ نعیم نے مزید کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے کہ جامعہ اردو میں کوئی مستقل وائس چانسلر نہیں ہے اور کئی سالوں سے کانو کیشن بھی منعقد نہیں ہوا،آج سر کاری جامعات اور دیگر تعلیمی اداروں کا جو حال ہے، ملک کے تعلیمی نظام اور حکومت کی طرف سے شعبہ تعلیم کو نظر انداز کرنے کا جو رویہ ہے وہ آج سب کے سامنے ہے۔ سندھ میں 40ہزار اسکول ہیں کیا کوئی ایک ایسا ہے جس میں وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ کے ارکان اپنے اولاد کو تعلیم دلا سکتے ہیں ،موجودہ حکمران جو نوجوانوں کو آگے بڑھانے اور تبدیلی کا نعرہ لگا کر آئے تھے انہوں نے 14ماہ گزر نے کے بعد بھی تعلیم کی بہتری کے لیے کچھ نہیں کیا۔ آج ضرورت ہے کہ تعلیم کے فروغ کی ایک تحریک چلائی جائے۔ تعلیم تربیت کے لیے ہوتی ہے اور انسان کا کردار بناتی ہے،اپنا حق لینے کے لیے ہمیں ایک اجتماعی تحریک کی ضرورت ہے۔