حکومتی اقدامات سے عوام نفسیاتی مسائل سے دوچار ہو گئے،نیشنل پارٹی

January 22, 2020

کوئٹہ( آن لائن )نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان علی احمد لانگو نے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے اپنے ناقص اور غیر دانشمندانہ اقدامات سے عوام کو نفسیاتی اور ذہنی مسائل کا شکار کر دیا ہے۔بے روزگاری اور ہوشربا مہنگائی کے بعد آٹے کا بحران پیدا کر دیا۔کوئٹہ میں خون جما دینے والی سردی میں گیس پریشر کا نہ ہونا عوام کو زندہ درگور کرنے کے مترادف ہے۔مجموعی طور پر ملکی تاریخ کی نااہل اور ناکام ترین حکومت ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ عوام سے لاتعلق حکمران عوامی بے حسی اور مشکلات کا اندازہ نہیں لگا سکتے۔غریب آدمی دو وقت کی روٹی نہ کما سکتا ہے اور نہ کھا سکتا ہے۔روز انہ کی بنیاد پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ بلوچستان میں حالیہ برف باری اور بارشوں نے زندگی کے معاملات کو مصائب اور پریشانیوں کا شکار کر دیا ہے۔جس سے عوام کی مالی و جانی نقصانات ہوئے لیکن حکومت عوام کو بنیادی ریلف دینے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کوئٹہ اور گردنواح کے عوام شدید سردی میں گیس سے محروم ہیں۔لیکن غافل حکومت کسی قسم کے اقدامات نہیں کررہی ۔