پشاور یونیورسٹی کے انتظامی افسران کا ٹی او ٹی پروگرام مکمل

January 22, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) ای آفس نظام اپنانے کی غرض سے پشاور یونیورسٹی کے انتظامی افسران کے لئے پانچ روزہ تربیتی پروگرام ٹریننگ آف ٹرینرز (ٹی او ٹی) مکمل ہوگیا اختتامی تقریب میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جوہر علی نے ای آفس نظام کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ ای آفس کو ملکی ضروریات سے متعلق وضع اور ترتیب دیا جائے گا جس سے لوگوں میں موافقیت اور بہتر رویوں کو اپنانے کاموقع ملے گا،انہوں نے کہا کہ ترقی کے لئے شفافیت ، بہتر طرز حکمرانی ، بروقت ادراک اور ایمانداری بنیادی شرائط ہیں۔ رجسٹرار پروفیسر یورید احسن ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پشاور یونیورسٹی ملکی سطح پر ای آفس نظام اپنانے والی پہلی یونیورسٹی ثابت ہوگی ای آفس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا جس سے دفتری امور میں تیزی اور پیپر لیس گورننس کو تقویت ملے اور آسانی میسر آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام پر عمل درآمد کے بعد یہ نظام صوبہ بھر کی30 جامعات کےلئے وضع کیا جائے گا ۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کے ای آفس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد جمیل مشتاق نے وفاقی سطح پر پروگرام پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ \ پانچ روزہ تربیتی پروگرام کے دوران اندرون جامعات ابلاغیات ، انسانی وسائل کی سہولت کاری ، خریداری ، ای فائلنگ ، فنانس و بجٹنگ ، پراجیکٹ مینجمنٹ اور ایسٹا کوڈ کو مناسب طور پر کاغذی فائلنگ کی بجائے ای پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا۔