آٹے کی اتنی قلت نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے،گورنرسندھ

January 23, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آٹے کی اتنی قلت نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے پاسکو گوداموںمیں 3 لاکھ ٹن گندم موجود ہے،تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے یوٹیلیٹی اسٹور ز چیئر مین ذوالقرنین خان کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم اسٹورز کا اچانک دورہ کیا،اس سلسلے میں وہ گلشن اقبال میں یوٹیلٹی اسٹورگئے جہاں انہوں نے 12000آٹے کے بیگز کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا،اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی اتنی قلت نہیں جتنی دکھائی جا رہی ہے پاسکو گوداموںمیں 3 لاکھ ٹن گندم موجود ہے جس کی فراہمی کے لئے NLC کو استعمال کیا جاسکتا ہے اس ضمن میں صوبے بھر میں آٹے کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے یہ ایک مصنوعی بحران ہے اس سلسلہ میں وزیر اعظم آفس بھی ایکشن لے گا،ملز کو گندم فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جارہی ہے اب ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہوگا،اس وقت شہریوں کو 400روپے میں 10کلو آٹا دیا جا رہا ہے اور مارکیٹ ریٹ 600روپے سے زائد ہے اس طرح مارکیٹ ریٹ سے کم پر آٹا لوگوں کو مل رہا ہے،چیئر مین یوٹیلٹی اسٹورز نے کہا کہ وزیراعظم کے پیکج میں تیل ، دال ، شوگر سمیت دیگر اشیاء بھی ہیں جس کے لئے وزیر اعظم کی طرف سے 7ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔