چین میں نیا وائرس، دنیا کے کئی ممالک کے ائیرپورٹس پر اسکریننگ بڑھا دی گئی

January 23, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک) چین میں نئے وائرس سے ہلاکتوں اور متعدد افراد کے متاثر ہونے کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے مسافروں کی اسکریننگ بڑھا دی ہے، کئی ممالک کے ائیرپورٹس پر پہنچنے والے مسافروں کا ٹمپریچر (بخار) چیک کیا جارہا ہے جبکہ بچائو کیلئے دیگر حفاظتی تدابیر بھی اختیار کی جارہی ہیں۔ انڈیا، جاپان، نائیجیریا اور امریکا سمیت کئی ممالک کے ائیرپورٹس پر اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ یہ جان لیوا وباء ممکنہ طور پر چین کے وسطی شہر وہان سے شروع ہوئی ہے۔ چینی حکومت نے نئے وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ وائرس نئے قمری سال کے موقع پر تیزی سے پھیل سکتا ہے کیوں کہ اس دوران چھٹیوں میں کروڑوں چینی شہری دنیا بھر کا رخ کرتے ہیں۔ تاحال امریکا، جنوبی کوریا، جاپان اور تھائی لینڈ نے مزید کیسز رپورٹ کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔