ڈاکٹر مراد ھافمین کی علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں، مناظر احسن،فاروق مراد

January 23, 2020

لندن(پ ر)اسلامک فاؤنڈیشن لیسٹر کے چیئرمین ڈاکٹر مناظر احسن اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر فاروق مراد نے ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر مراد ھافمین کی وفات پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ڈاکٹر مراد ھافمین نہ صرف ایک بلند پایہ اسکالر تھے۔ بلکہ منجھے ہوئے سفارت کار اور نہایت سلجھے ہوئے انسان بھی تھے۔ وہ اسلامک فاؤنڈؑیشن سے تقریبا" تیس برس سے وابستہ تھے۔ اسلامک فاؤنڈیشن نے نہ صرف ان کی کتب شائع کیں۔ بلکہ وہ مسلسل فاؤنڈیشن کے مجلے "مسلم ورلڈ بک ریویو" کے لیے پرمغز تبصرے بھی تحریر کرتے تھے۔ جو مختلف موضوعات پر مبنی ہوتے تھے۔ وہ علمی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ ان کی کتب کے تراجم دیگر زبانوں میں بھی ہو چکے ہیں۔ یہ علمی اثاثہ نہ صرف امتِ مسلمہ کی رہنمائی کرے گا۔ بلکہ ان کے لیے صدقہ جاریہ بھی ہوگا۔ ڈاکٹر مناظر احسن نے کہا کہ ان کی علمی خدمات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کو جنت میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام دے۔ آمین