26جنوری کو بتادیں گےبھارت دہشت گرد ہے ،مفتی فضل قادری

January 25, 2020

برمنگھم (پ ر) پاکستان رابطہ کونسل کے چیئرمین مفتی فضل احمد قادری نے کہا ہے 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ پر یوم سیاہ منا کر دنیا پر واضح کیا جائے گا کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے ،بھارت جمہورت کے نام پر انسانوں کا قتل عام کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں چھ ماہ سے کرفیو اورپوری وادی بندہے، بھارت خود ملک کے اندر بھی کالے قوانین کے تحت انسانوں کا قتل اور عوام کے جمہوری حقوق کو پامال کر رہا ہے ،انتہا پسندوں ہندوئوں کے ہاتھوں کوئی محفوظ نہیں، مودی خطے کے امن کے لیے خطرہ اورانسانیت اور جمہوریت کی تمام حدوکو عبور کر چکاہے۔ انہوں نے کہا یوم سیاہ کے مظاہرے میں بھارت کے ظلم کے خلاف سکھ اور دیگر مظلوم عوام بھر پور شرکت کریں گے کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی بھرپور شرکت کر کے بھارت کا اصل روپ بے نقاب کرنے کے لیے باہر نکلے اور بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاج کرکے دنیا کو بتادےکہ بھارت میں کوئی جمہوریت نہیں۔ مفتی فضل احمد نے کہا کہ عالمی امن کے علمبرداروں کے لمحہ فکریہ ہے کہ ان حالات میں خاموش تماشائی بننے کی بجائے نریندر مودی جیسے دہشت گرد کو لگام دی جائے، بھارت کے ساتھ سفارتی اور تجارتی تعلقات ختم او راقوام متحدہ میں بھارت کی رکنیت کو ختم کیا جائے ۔