پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام 80ہندو جوڑوں کی شادی

January 27, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اتوار کوریلوے گراؤنڈ آئی آئی چندریگرروڈ پر 80ہندوجوڑوں کی شادی انجام پائی۔اس موقع پر پنڈال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا جبکہ ہزاروں مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی۔پنڈال میں ہر جوڑے کے لیے علیحدہ علیحدہ منڈپ بنائے گئے تھے جن کی برقی قمقموں اور پھولوں سے تزئین آرائش کی گئی تھی ہر منڈپ میں جوڑے کے ساتھ ان کے والدین بھی موجود تھے پنڈال میں بھجن بجائے جاتے رہے جبکہ اگنی کے گرد پھیروں اور پنڈت کے بھجن کے لیے 80فٹ لمبااسٹیج بنایا گیا تھا جس پر خوبصورتی سے دیوی دیوتاؤں کے عکس آویزاں کئے گئے تھے شادی کے لیے تربیت دیئے گئے منڈپ میں ناریل ، چاول ، سونف،پانی کی ہانڈی اور دیگر لوازمات رکھے گئے تھے جبکہ آگ (اگنی)جلانے کے لیے محفوظ انتظام کیا گیا تھا تمام جوڑے بڑی بڑی لگی اسکرینوں پر پنڈت کے بھجن کے ساتھ ان کی ہدایت کے مطابق شادی کی رسومات ادا کرتے رہے ۔یہ 13 واں موقع ہے جب پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی اس موقع پر پاکستان ہندوکونسل کے پیٹرن ان چیف ڈاکٹررمیش کمار وانکوانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اب تک اس پلیٹ فارم سے 1300 جوڑوں کو ازدواجی بندھن میں باندھاجاچکا ہے وہ جوڑوں کومنگل سوتر کے ساتھ ساتھ ایک لاکھ روپے کا جہیز بھی دیتے ہیں انہیں بیت المال کے ایم ڈی ، جے ایس بینک سمت دیگر بینکوں کا ایک حدتک تعاون حاصل ہوتا ہے انہوں نے بتایاکہ آج اجتماعی شادیوں میں 15000 کے قریب افراد کو مدعوکیاگیا ہے اجتماعی شادیوں کا مقصد نادر افراد کی شادیاں کرنے کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی خدمت بھی ہے اور اس سے بڑی خدمت اور کیا ہوگی کہ ہم مسلسل ان افراد کو شادی کے بندھن میں باندھ رہے ہیں جو شادی کے اخراجات کے استطاعت نہیں رکھتے ۔آج پنڈال میں 18 جوڑوں کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ بقیہ 62 جوڑے سندھ کے دیگر اضلاع سے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے باپ بن کر 1100بچوں کو ویداکیا ہے جبکہ موجودہ دور میں ایک بچے کا کینادان بھی مشکل کام ہے انہوں نے کہاکہ اس تقریب میں کوئی بھی مہمان خصوصی نہیں ہوتا پہلے عبدالستارایدھی ہمارے لیے مہمان خصوصی ہوتے تھے ان کے بعد اب فیصل ایدھی تقریب میں آتے ہیں اس موقع پر مینجنگ کمیٹی کے گوپال داس، راجہ بھوان، پرشوتم، روشن لال، منگلہ شرمہ، یوتھ فورم ، وومن فورم، ماتا شیوامنڈلی کے رضاکاروں نے اس خوبصورت محفل کو سجایا ہے اس موقع پر فیصل ایدھی ، شہنازوزیرعلی، پائلر کے کرامت علی اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔