فارورڈ بلاک، اپوزیشن افواہیں پھیلا کر دل پشوری کر رہی ہے، فیاض چوہان

January 27, 2020

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف میں فاروڈ بلاک محض خبر ہے، مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پی ٹی آئی کے 20 ارکان اسمبلی کے فارورڈ بلاک بنانے کی خبریں آج دم توڑ گئیں ہیں، ایسی افواہیں پھیلا کر اپوزیشن صرف اپنی دل پشوری کر رہی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ن لیگ کے 50 سے زائد ارکانِ اسمبلی عرصہ دراز سے پی ٹی آئی سے مستقل رابطے میں ہیں، بزدار حکومت جب چاہے انہیں پی ٹی آئی میں شامل کر سکتی ہے لیکن ایسی ادھیڑ بُن کی سیاست پی ٹی آئی کا وتیرہ نہیں ہے۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ تمام ارکان نےوزیراعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کر کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور انکی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فارورڈ بلاک کی تمام افواہوں کا قلعہ قمع کر دیا۔