8 ہزار کنٹینرز چیک کرنا ممکن نہیں، کسٹم کا خودکار نظام بنانا ہوگا، شبر زیدی

January 27, 2020

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ ) چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی نے کہا ہےکہ پاکستان میں روزانہ آٹھ ہزار کنٹینرز کی آمدو رفت ہوتی ہے جن کو چیک کرنا انسانوں کیلئے ممکن نہیں اس لئے ہمیں خودکارنظام کی طرف جانا ہوگا، کسٹم کے طریقہ کار کو مزید جدید بنانا ہوگا۔

جد ید نظام سےریونیو ہدف کے حصول کیساتھ اسمگلنگ کو بھی روکا جاسکے گا،آئندہ چند روز میں ایران کے کسٹم کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی ڈیٹا کی الیکٹرانک ایکسچینج کیلئے معاہدے پر دستخط ہونگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل کسٹم ڈے کے موقع پر اسلام آباد میں مارگلہ ڈرائی پورٹ پر کسٹم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،چیئرمین ایف بی آرنے کہا کہ پاکستان کسٹم نےمنی لانڈرنگ ، غیر قانونی نقل و حرکت سمیت سرحدوں پر ہونیوالے جرائم کے خلاف ٹھوس اقدامات کیے ہیں ۔

پیشہ وارانہ امور قابل تعریف ہیں ، چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متعدد جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل نکالے ہیں جن میں وی باک سسٹم ، وی باک جی ایل او اور عالمی معیارات کے مطابق تجارتی نظام کا رائج کرنا شامل ہیں۔

اس سے تجارت محفوظ ہوئی ہے ، ایف بی آر نے حال ہی میں سرحدوں کے آر پار کرنسی کی نقل و حرکت سے متعلق ڈائر یکٹریٹ اور نیشنل ٹارگٹڈ سینٹر قائم کیا ہے ۔

اس سے منی لانڈرنگ اور تجارتی فراڈ کی روک تھام میں مدد ملے گی ، کسٹم نے سنگل ونڈو کے اقدام پر بھی زبردست عمل کیا۔