گاڑیوں کی کمرشل امپورٹ سے نوجوانوں کو باعزت روزگار میسر ہوگا، راشد اعوان

January 28, 2020

کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے صدر راشد محمود اعوان اور پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین

جاپان میں مقیم معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور کار ایکسپورٹر ایسوسی ایشن فار پاکستان کے صدر راشد محمود اعوان نے کہا ہے کہ کمرشل امپورٹ کی وجہ سے نوجوانوں کو وسیع پیمانہ پر باعزت روزگار میسر ہوگا، جاپان میں استعمال شدہ گاڑیوں سے پاکستانی ہی وابستہ ہیں، جو پوری دنیا میں گاڑیاں ایکسپورٹ کرتے ہیں اور ان کو اس مد میں جو بھی منافع حاصل ہوتا ہے وہ دوبارہ پاکستان میں ہی ری۔انویسٹ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ استعمال شدہ گاڑیوں سے بہت وسیع پیمانے میں لوگوں کو فائدہ پہنچتا ہے، جاپان میں بسنے والے پاکستانیوں سے لے کر کراچی پورٹ کا عملہ کلیئرنگ ایجنٹس، پورٹ سے شو روم تک گاڑیاں پہچانے والے ڈرائیور ڈینٹر پینٹر، کمیشن ایجینٹس گڈز ٹرانسپورٹ سے لے کر گاڑیوں کی صفائی والے روزگار حاصل کرتے ہیں۔

راشد محمود اعوان سابق وزیر خزانہ اسد عمر سے بات چیت کرتے ہوئے

راشد محمود اعوان کا کہنا ہے کہ جاپان میں رہنے والے پاکستانی موجودہ حکومت کو یہ پیشکش کرتے ہیں کہ وہ بغیر قرضہ موجودہ حکومت کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہو کر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرسکتے ہیں اور کامیاب نوجوان اسکیم کو کامیابیوں کی بلندی تک پہنچا سکتے ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس شارٹیج، ماحول، فارن کرنسی ذخائر اور لاکھوں نوجوانوں کے روزگار کی بحالی کے لیے حکومت فوری بنیادوں پر پانچ سال پرانی ہائبرِڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی امپورٹ کی اجازت دی جائے۔ یہ واحد امپورٹ ہے جس کے ایکسپوٹر بھی پاکستانی ہیں۔

راشد محمود اعوان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری کی ملاقات

راشد محمود کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں کی امپورٹ سے ہم آئل بل کو 50 فیصد کم کرسکتے ہیں اور یہی بچت گاڑیوں کی امپورٹ میں استعمال کی جا سکتی ہے اور ہمارا ماحول بھی آلودگی سے پاک ہوسکتا ہے جبکہ بڑے شہروں میں فوگ اور گرمیوں میں شدید گرمی سے بھی نجات مل سکتی ہے۔

انہوں نے نے مزید کہا کہ اس سے ناصرف حکومت کو ڈیوٹیز کی مد میں اربوں کی آمدنی ہوگی بلکہ پاکستان دنیا میں ترقی کی منازل بھی طے کرے گا اور عوام کی قوت خرید کے مطابق عالمی معیار کی گاڑیاں بھی میسر ہوں گی۔

راشد محمود اعوان نے کہا کہ مقامی اسمبلرز ہر چیز امپورٹ کرتے ہیں، جس کا ثبوت کرنسی ریٹ میں تبدیلی کی وجہ سے گاڑیوں کے ریٹ میں اضافہ ہے جبکہ آئل بل میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا۔