اپوزیشن کا شہریار آفریدی کے غیر سنجیدہ رویے پر واک آؤٹ

January 28, 2020

اپوزیشن کا شہریار آفریدی کے غیر سنجیدہ رویے پر واک آؤٹ

اپوزیشن نے وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کی عدم حاضری پر سینیٹ اجلاس کا واک آؤٹ کردیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفر الحق اجلاس سے شہریار آفریدی کی غیر حاضری بول پڑے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم وزیر مملکت شہریار آفریدی کے غیر سنجیدہ رویے پر ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں وزیر مملکت برائے انسداد منشیات کی غیر حاضری پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی اظہار خیال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر شہریار آفریدی کو کوئی مسئلہ ہے تو انہیں ایوان کو آگاہ کرنا چاہیے تھا۔

سلیم مانڈوی والا نے مزید کہا کہ شہریار آفریدی وزیر ہیں انہیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، وزیر کابینہ کے اجلاس میں بھی شریک نہیں تھے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر شہریار آفریدی کی غیر حاضری سے متعلق وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی سے بھی استفسار کیا۔

اعظم سواتی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی سے متعلق انہیں علم نہیں، وہ آج کابینہ کے اجلاس میں بھی شریک نہیں تھے۔

اعظم سواتی نے یہ بھی کہا وفاقی وزیر نے انہیں بھی اطلاع نہیں دی، اگر بتاتے تو اس بارے میں وضاحت ضرور ہوتی۔