چین میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 500 ہوگئی

February 05, 2020

چین میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 500 ہوگئی

چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتیں 500 کے قریب پہنچ گئی ہیں، 24 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

ووہان شہر میں جراثیم کش اسپرے کیا گیا، مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر جمنازیم، کنونشن سینٹر، ثقافتی مرکز کی عمارتیں عارضی اسپتال میں تبدیل ہوگئیں۔

مختلف ممالک کی جانب سے اپنے شہریوں کو چین سے نکالنے کا سلسلہ جاری ہے، نیوزی لینڈ کا طیارہ ووہان سے 200 مسافروں کو لے کر آکلینڈ پہنچ گیا۔

ہانگ کانگ میں 3 نئے کیسز کے بعد کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی اطلاع آنے پر 2 ایئر لائن نے ہانگ کانگ کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردی تھیں۔

دوسری طرف جاپان کے بحری جہاز میں کورونا وائرس سے متاثرہ 10 افراد کو علاج کے لیے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگر 3 ہزار 700 افراد 14 دنوں کے لیے اسی جہاز پر موجود رہیں گے۔

وائرس کے خدشے کے پیش نظر تائیوان نے ایک دوسرے بحری جہاز کو اپنی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا جو اب ہانگ کانگ میں لنگر انداز ہے۔