ترکی: مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران 3 حصوں میں ٹوٹ گیا

February 06, 2020

ترکی میں مسافر طیارہ 3 حصوں میں ٹوٹ گیا

ترکی کے شہر استنبول میں بارش کے دوران مسافر طیارے کو لینڈنگ کے دوران حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 157 مسافر زخمی ہو گئے ہیں۔

ترک میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر سے آنیوالی پرواز کو استنبول میں ایئر پورٹ پر حادثہ پیش آیا، لینڈنگ کے دوران قریبی کھائی میں گر کر طیارے کے تین ٹکڑے ہوگئے، حادثہ ممکنہ طور پر آندھی اور بارش کے سبب پیش آیا، طیارے میں 171 مسافر اور 6 عملے کے افراد سوار تھے۔

حادثے میں زخمی ہونے والے مسافروں کو اسپتال منتقل کردیا گیا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیارے میں سے مسافر سمیت عملے کو نکال لیا گیا ہے جبکہ حادثے کے وقت طیارے میں آگ بھی لگ گئی تھی جسے بھجا دیا گیا۔