کبڈی ورلڈکپ کا کل سے آغاز، حکام دنیا کو سافٹ امیج دینے کیلئے پُرعزم

February 08, 2020

کبڈی ورلڈکپ کا کل سے آغاز، حکام دنیا کو سافٹ امیج دینے کیلئے پُرعزم

ساتویں کبڈی ورلڈکپ کا آغاز کل سے لاہور میں آغاز ہورہا ہے، اس حوالے سے پنجاب کے وزیرکھیل رائے تیمور دنیا میں پاکستان کے سافٹ امیج جانے کے لیے بھی پُر امید ہیں۔

صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ایونٹ کا افتتاح کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں میزبان پاکستان سمیت 10 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کبڈی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے دفاعی چیمپئن بھارت کے کھلاڑی بھی پاکستان پہنچ گئے۔

رائے تیمور کا کہنا تھا کہ کبڈی کے ایونٹ سے پوری دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج جائے گا۔

وزیر کھیل پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل اسپورٹس ایونیو کھل چکا ہے، کرکٹ ٹیمیں بھی پاکستان آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق دنیا کو امن کا پیغام دے رہے ہیں۔

رائے تیمور کا کہنا تھا کہ پاکستان آنیوالے کھلاڑیوں کا خیال رکھیں گے اور ان کی خدمت کریں گے۔

اس موقع پر صدر پاکستان کبڈی ایسوسی ایشن شافع حسین نے شائقین کبڈی سے درخواست کی کہ وہ اسٹیڈیم آکر میچز دیکھیں۔

پاکستان کبڈی ٹیم کے کوچ نے بتایا کہ کبڈی ورلڈکپ دیکھنے کے لیے بین الاقوامی آبزورز بھی آرہے ہیں۔

ٹیموں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایونٹ میں پاکستان کے لیے بھارت اور ایران مشکل ٹیمیں ہوں گی۔