مغربی ہواؤں کا سسٹم کراچی کو کیسے متاثر کر سکتا ہے؟

February 10, 2020

رواں سال مغربی ہواؤں کا سسٹم غیر معمولی طور پر عراق، ایران، افغانستان اور ایران کے شمالی حصوں کو متاثر کررہا ہے، اس سسٹم کے اثرات سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور عمان میں غیر معمولی طور پر سردی کی شدت میں اضافے کی صورت میں نظر آئیں گے۔

مغربی سسٹم کے باعث ہی کربلا اور بغداد میں 12 سال کے بعد فروری میں برف باری ہورہی ہے، یہی مغربی ہواؤں کا سسٹم کل سے بلوچستان کے شمالی اور ملک کے بالائی اور مغربی حصے پر اثرا انداز ہوگا جبکہ سسٹم کے باعث کراچی میں بھی کل سے سردی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر کے مطابق 11 سے 13 فروی کے دوران کراچی میں سردی کی شدت کم رہے گی، مغربی ہواؤں کے سسٹم کے باعث ملک کے جنوبی حصے کو سائیبرین ہوائیں متاثر کرنا چھوڑدیں گی۔

سائیبرین ہوائیں نہ چلنے کے باعث دن میں درجۂ حرارت 28 سے 30 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے جبکہ رات میں درجۂ حرارت 15 سے 17 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

14فروری سے ایک بار پھر صبح میں موسم خنک اور رات میں سرد ہوجائے گا جبکہ رواں سال موسم سرما طویل رہے گا، عام طور پر 15 فروری کے بعد موسم گرم ہوجاتا ہے، لیکن اس بار فروری کے آخر تک موسم ٹھنڈا رہے گا۔