خیبرپختونخوا، 10 سال کی صنعتی پالیسی تیار

February 11, 2020

خیبرپختونخوا کی جانب سے آئندہ 10 سال کی صنعتی پالیسی تیار کی گئی جس میں خیبر پختونخوا کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لایا جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کی 10 سالہ صنعتی پالیسی 2020ء سے 2030ء تک 10 سالوں کے لیے بنائی گئی ہے، 10 سالہ صنعتی پالیسی میں پیش کیے گئے مسودے کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایک ہزار 286 صنعتی یونٹس ہیں جس میں سے 300 صنعتی یونٹس مکمل بند ہیں۔

مسودے کے مطابق 34 اسٹیل ملز، 26 پلاسٹک کارخانے اور 16 ادویہ ساز کارخانے بند ہو چکے 13 ٹیکسٹائل، 13 فوڈ انڈسٹریز اور پی وی سی پائپ بنانے کے 12 کارخانے بند ہیں۔

پالیسی کے تحت بند صنعتوں کو بحال کیا جائے گا، اسپیشل اکنامک زونز بھی قائم کئے جائیں گے جبکہ صنعتی پالیسی کے نفاذ کے لیے 14 رکنی کمیٹی بھی ہوگی۔

کمیٹی کے سربراہ وزیر، مشیر یا معاون خصوصی برائے صنعت ہوں گے، سی پیک کے تحت سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، اور صنعتوں میں 70 فیصد نوکریاں مقامی افراد کو ملیں گی۔