حکومت اور ایم کیو ایم کے معاملات طے پاگئے؟

February 13, 2020

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اس کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) خالد مقبول کا استعفیٰ منظور نہیں کیا، خالد مقبول صدیقی نے وزارت کا چارج واپس لے لیا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آج وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں وزارت کےامور پر بھی گفتگو ہوئی۔

واضح رہے کہ رواں سال جنوری میں کو ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اپنی وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمارے ایک بھی نکات پر پیش رفت نہیں ہورہی، اب وزارت میں بیٹھنا بے سود ہے، تاہم حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

خالد مقبول کے استعفے کے بعد وفاقی حکومت وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی قیادت نے بھاگ دوڑ شروع کردی تھی۔

وزیراعظم کی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیوایم کے رہنماؤں فیصل سبزواری اور خواجہ اظہار الحسن سے رابطہ کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔