کورونا وائرس، مرض اور ہلاکتوں میں تیزی، عالمی ادارے پریشان

February 15, 2020

کورونا وائرس، مرض اور ہلاکتوں میں تیزی، عالمی ادارے پریشان

بیجنگ (اے ایف پی /نیٹ نیوز )کورونا وائرس سے مرض اور ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث عالمی ادارے پریشان ہیں ،کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی سب بڑی ایگزیبیشن دی موبائل ورلڈ کانگریس (ایم ڈیبلیو سی) 2020 منسوخ کر دی گئی۔چین میں کورونا وائرس کے باعث ملائیشیا،سنگاپور اور تھائی لینڈ کی سیاحت بند پڑی ہے۔چین میں ہزاروں شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہوجانے کے بعد اب ڈاکٹر اور طبی عملے کے سینکڑوں ارکان بھی اس وائرس سے متاثر ہورہے ہیں ،جس سے چینی حکومت مزید مشکلات کا شکار ہوگئی اور ایک نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔دوسری جانب آسٹریلیانے چینی طلبہ کو آسٹریلیا چھوڑنے کی ہدایات کی ہیں ،سعودی عرب میں متعین چین کے سفیر چن وی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی طرف سے فراہم کردہ امداد نے چینی طبی عملے کو ʼکرونا وائرس سے نمٹنے میں بھرپور مدد فراہم کی ہے۔تفصیلات کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 1400 ہوگئی ہے ،اس کے علاوہ طبی عملے کے 6 ارکان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوگئے ہیں ،دوسری جانب 1716 طبی عملے کے ارکان اس وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔طبی عملے کا اس وائرس میں مبتلا ہوجانے کے بعد حکومت کیلئے ایک نیا بحران پیدا ہونے جارہا ہے ۔صرف ووہان میں ہی ایک ہزار سے زائد طبی عملے کے ارکان اس وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔