غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر اتحاد کالونی کے رہائشیوں کا احتجاجی مظاہرہ

February 18, 2020

لاہور(خصوصی رپورٹر)گرینڈ بیٹری ملتان روڈ کے گرد و نواح اتحاد کالونی کے مکینوں نے روزانہ کی بنیاد پر غیر اعلانیہ طویل بجلی کی لوڈشیڈنگ ہونے پر سب ڈویژن اتحاد کالونی اور لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہے لیکن ملتان روڈ پر واقع گرینڈ بیٹری سے ملحقہ محلوں میں روزانہ 4سے 5گھنٹے کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ متعلقہ سب ڈویژن اتحاد کالونی کے ایس ڈی او اور ایکسین کو متعد دبار غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند کرنے کی شکایات کی ہیں لیکن وہ کچھ نہیں کرتے ہیں۔ مظاہرین نے وزیراعظم پاکستان اور لیسکو چیف لاہور سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کو بند کرنے اور اس کے ذمہ داران کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا، جبکہ اس حوالے سے لیسکو کے اعلیٰ عہدیدار سے بات کی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ مینٹینس کی وجہ سے بجلی بند کی جاتی ہے لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور وہ بھی پہلے سب کو آگاہ کیا جاتاہے لیسکو سینئر آفیسر نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ والی بات کو چیک کر لیتے ہیں۔