مارچ میں چلنے والی کوئی تحریک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچی، ریاض فتیانہ

February 19, 2020

کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن 2023ء تک لمبی چھٹیاں گزارے ، ضروری نہیں ہے کہ مختصر چھٹیاں کر کے واپس آجائیں،مارچ میں چلنے والی کوئی تحریک پایہ تکمیل تک نہیں پہنچی۔

اپوزیشن کارکنوں کو جڑا رکھنے کیلئے حکومت جانے کا نعرہ لگارہی ہے، اپوزیشن کو منی لانڈررز اور دہشتگردوں کا سہولت کار نہیں ہونا چاہئے، وزارت انسانی حقوق نے صحافیوں کے تحفظ کیلئے بہت جامع بل تیار کیا ہے۔

وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں اپوزیشن کی تین بڑی جماعتوں کے حکومت کیخلاف احتجاج کے اعلان۔

سینئر صحافی عزیز میمن کے قتل، سپریم کورٹ کے ججوں کی جاسوسی کروائی جانے اور انسداد دہشتگردی کے قانون میں ترمیم کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا، پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر اور ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب بھی پروگرام میں شریک تھے۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ مشاہد حسین کی بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ اپوزیشن چھٹیوں پر ہے، ن لیگ کے رہنما خاموش نہیں جیلوں میں قید ہیں ، ن لیگ کے لیڈروں کو بولنے کی ہی سزا مل رہی ہے، انسداد دہشتگردی کے نئے قانون سے لگتا ہے گوانتاناموبے میں لوگوں کو بند کیا جائے گا۔

انسداد دہشتگردی میں نیا جرم صحافی کے قتل کا شامل کیا جائے۔مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ اپوزیشن کی جو جماعت اس وقت باہر نہیں نکلے گی وہ پیچھے رہ جائے گی۔

مشاہد حسین سے کچھ حد تک اتفاق کرتا ہوں کہ اپوزیشن چھٹیوں پر ہے، اپوزیشن باہر نکل کر ایشوز کی بنیاد پر عوام کو اپنے ساتھ اکٹھا کرے اور جدوجہد کا آغاز کرے، سوشل میڈیا ریگولیشنز کا مقصد حکومت پر تنقید ہونے سے روکنا ہے۔

حکومت انسداد دہشتگردی کے نئے قانون کو اپوزیشن کو دبانے کیلئے استعمال کرسکتی ہے، پیپلز پارٹی کا کوئی مقامی شخص عزیز میمن کے قتل میں ملوث پایاگیا تو پارٹی اس سے قطع تعلق کرے گی۔

ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کیماڑی میں پراسرار گیس کے معاملہ پر کچھ پیشرفت ہوئی ہے، کیماڑی کے واقعہ پر تمام ادارے آن بورڈ ہیں، کچھ چیزوں کو پن پوائنٹ کیا ہے لیکن ابھی تفصیلات نہیں بتاسکتا ہوں۔

وزیراعلیٰ سندھ ذاتی طور پر اس معاملہ کو دیکھ رہے ہیں، پاک فوج ، نیوی، سپارکو اور انوائرمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے