سویابین جہاز سے زہریلی گیس کے اخراج کا امکان نہیں، نواب شہزاد

February 19, 2020

سویابین جہاز سے زہریلی گیس کے اخراج کا امکان نہیں، نواب شہزاد

پیٹرن اِن چیف سولوینٹ ایکسٹریکٹرز ایسوسی ایشن نواب شہزاد علی خان نے کہا ہے کہ سویابین کے جہاز سے زہریلی گیس خارج ہونے کا امکان نہیں۔

ایک ویڈیو بیان میں نواب شہزاد علی خان نے کہا کہ سویابین کے جہاز سے زہریلی گیس خارج ہونے کا امکان نہیں، گیس سے متاثر ہونے والا پہلا شخص جہاز کے لنگر انداز ہونے سے قبل اسپتال میں داخل ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2 وزراء نے بغیر ماسک لگائے لنگرانداز ہونے والے جہاز کا دورہ بھی کیا تھا۔

نواب شہزاد نے یہ بھی کہا کہ اصل حقائق سے توجہ ہٹانے کے لیے سویابین کے جہاز سے گیس کے اخراج کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سویابین کے ایک سال میں تقریباً 17جہاز لنگر انداز ہوتے ہیں، جن سے کبھی گیس کا اخراج نہیں ہوا۔

پیٹرن ان چیف سولوینٹ ایکسٹریکٹر ایسوسی ایشن نے کہا کہ جاں بحق افراد کا انتہائی دکھ ہے، ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت اصل حقائق سامنے لائے۔