کوئٹہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل‘ فنڈز ضائع ہوگئے‘ن لیگ

February 20, 2020

کوئٹہ ( پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن)کوئٹہ ڈویژن کے صدر سابق میئر رحیم کاکڑ،جنرل سیکرٹری نسیم الرحمان، آغا عمر شاہ،جنرل سیکرٹری جاوید اقبال ،صدر تحصیل نا نا صاحب،میروائس کاکڑ ایڈووکیٹ ،آصف ایڈووکیٹ، طارق بٹ ایڈووکیٹ،نسیم کاسی ایڈووکیٹ،ضلعی صدر پشین سعد اللہ ترین ،ضلعی صدر قلعہ عبداللہ،وارث اچکزئی،چمن سٹی کے صدر عبدالمنان درانی،نثاراچکزئی،حیدر اچکزئی، لیاقت راجپوت،طارق گل پیٹرک،ذاکر بنگلزئی ،غلام آغا ،شنو گل اورارباب اقبال کاسی نے بیان میں کہا ہے کہ نام نہاد ایک روزہ کلین اینڈ گرین کوئٹہ کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا کیونکہ یہ خواب انگریزوں کے دور سے چل رہا ہے ۔شہر میں صفائی کے نام پر اربوں روپے ضائع ہوچکے لیکن پورا شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے میٹروپولیٹن کی کارکردگی صفر ہے سب سے پہلے صفائی کیلئے ریگولر ملازمین کو ڈیوٹی کا پابند بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ 15ارب روپے کا ریلیف پیکیج عوام کو بے وقوف بنانے کا ذریعہ ہے یوٹیلٹی اسٹور پر آج تک کوئی چیز نہیںملی، مہنگائی کے ستائے عوام بے روزگاری اور بے یقینی کی صورتحال کا شکار ہیں ۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنانے کیلئے فوری احکامات جاری کریں ۔