سویابین ڈسٹ کا سبب قرار بحری جہاز ہرکیولس کو پورٹ قاسم منتقل کردیا گیا، ترجمان

February 21, 2020

کراچی بندرگاہ پر سویابین آف لوڈ کرنے کے لیے لنگرانداز امریکی جہاز ہرکولیس کو برتھ سے ہٹا کر پورٹ قاسم پہنچا دیا گیا ہے۔

مختلف اداروں کی رپورٹس کے مطابق سویابین ڈسٹ سے متاثر 14 شہری جاں بحق جبکہ 500 سے زائد متاثر ہوئے تھے۔ سویابین کی ان لوڈنگ روکنے سے مبینہ طور پر غیرمعمولی جانی نقصان کا سبب بننے والی آلودگی ختم ہوگئی۔

ہرکولیس ہفتہ 15 فروری کو علی الصباح 3 بج کر 45 منٹ پر کراچی بندرگاہ کی برتھ نمبر 10 اور 11 پر لنگر انداز ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق جہاز سے سویابین کی ان لوڈنگ کے دوران اٹھنے والی ڈسٹ سے ہوا میں زہریلی آلودگی پیدا ہوئی اور اتوار 16 فروری کی شام 6 بجے بندرگاہ سے قریب ترین علاقے ریلوے کالونی کے شہری متاثر ہونا شروع ہوئے تھے اور دو روز میں کیماڑی کے علاقے ریلوے کالونی مسان روڈ، جیکسن مارکیٹ اور اطراف کے 14 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں متاثر ہوئے۔

کمشنر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش کرکے تمام ہلاکتوں کا سبب سویابین ڈسٹ کو قرار دیا تھا جس کے بعد منگل کو صبح جہاز سے سویابین کی ان لوڈنگ روک دی گئی تھی۔

منگل کی شام زہریلی اور آلودہ ہوا نہیں چلی تو علاقے میں سکون ہوا اور متاثرین بھی اسپتال نہیں پہنچے۔ اس دوران کراچی یونیورسٹی سے رپورٹ آئی جس میں سویابین ڈسٹ کو ہی اموات اور متاثر ہونے کا سبب قرار دیا گیا۔

بحری جہاز ہرکولیس کو برتھ سے ہٹا کر پورٹ قاسم روانہ کرنے کا حکم دیا گیا مگر سمندر میں مد و جزر اور بعدازاں بحری جہاز میں توازن ٹھیک نہ ہونے کا کہہ کر روانگی روکی گئی تھی۔ آج جہاز کو کراچی بندرگاہ سے بن قاسم کے لئے روانہ کردیا گیا۔