سلطانز کا یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 165 رنز کا ہدف

February 22, 2020

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دے دیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود اور جیمز وینس نے ٹیم کو 41 رنز کا محتاط آغاز فراہم کیا۔

شان مسعود کی شکل میں پہلی وکٹ گرنے کے بعد جیمز وینس نے معین علی کے ساتھ ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

جیمز وینس، معین علی اور ریلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد ذیشان اشرف نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 164 کے ہندسے تک پہنچایا۔

سابق کپتان بوم بوم آفریدی بھی ملتان سلطانز کے لیے کارگر ثابت نہ ہوسکے اور صرف 11 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

ذیشان اشرف 29 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد بٹ 4، فہیم اشرف 2 جبکہ محمد موسیٰ اور عاکف جاوید نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شاداب خان کی کپتانی میں میدان میں اترنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کو کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیوڈ ملان، حسین طلعت، کولنگ انگرام، آصف علی جیسے باصلاحیت بلے بازوں کی خدمات حاصل ہیں۔

ساتھ ہی اس ٹیم کے پاس شاداب خان، فہیم اشرف، عماد بٹ، محمد موسیٰ اور عاکف جاوید جیسے بولرز بھی ہیں۔

ملتان سلطانز کی ٹیم بھی متوازن دکھائی دے رہی ہے اور کپتان شان مسعود کے ساتھ جیمز وینس، معین علی، ریلی روسو، ذیشان اشرف، خوش دل شاہ اور شاہد آفریدی کی صورت میں جارح مزاج بلے باز اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔

حریف ٹیم کے بیٹسمین کو قابو کرنے کے لیے سہیل تنویر، محمد الیاس، محمد عرفان اور عمران طاہر جیسے تجربہ کار بولرز بھی موجود ہیں۔