معاشرے میں طلاق کے نتائج افسوسناک ہوتے ہیں،پشاورہائیکورٹ

February 23, 2020

پشاور(نمائندہ جنگ) پشاورہائیکورٹ کے جسٹس قیصر رشید نے کہا ہے کہ معاشرے میں طلاق کے نتائج افسوسناک ہوتے ہیں، میاں بیوی کا رشتہ مقدس ہے اسے بگاڑ کی طرف مت لیجائیں، عدالت سے رجوع کرنے سے قبل بات چیت سے مسئلے کو حل کرنا چاہیے۔ فاضل جج نے یہ ریمارکس ایک کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ میاں بیوی کے درمیان معاملات کو عدالت لانے کی بجائے باہمی بات چیت سے حل کرنا چاہیے ایک دوسرے کیساتھ مل بیٹھ کربات کرنے سے مسئلہ حل ہوجاتا ہے۔ فاضل جج نے کیس میں سینئروکیل عبدالروف روحیلہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ معاشرے میں طلاق کی شرح میں اضافہ ہورہاہے سینئر وکلاء کو بھی چاہیے کہ ایسے معاملات کو باہمی بات چیت کے ذریعے حل کرانے میں اپناکردار ادا کریں کیونکہ طلاق کے نتائج افسوسناک ہوتے ہیں۔ عدالت عالیہ نے معاملہ بات چیت کے ذریعے حل ہونے پر رٹ پٹیشن نمٹا دی۔