بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے ،مجلس وحدت مسلمین

February 23, 2020

لاہور (وقائع نگار خصوصی )مجلس وحدت مسلمین پاکستان جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے کئے گئے محاصرے کے 200 روز پورے ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں بزرگوں،جوانوں، بچوں اور خواتین کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانا بھارتی فوج کا معمول بن چکا ہے۔اشیائے خورد و نوش کی ترسیل اور مریضوں کے لیے ادویہ کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کر کے عوام کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے وحشیانہ مظالم عالمی ذرائع ابلاغ پر بھی نشر کیے جارہے ہیں جو اقوام عالم کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ملتان میں ضلعی میڈیا سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی ترجمان ثقلین نقوی بھی موجود تھے۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی فوج کی بڑھتی ہوئی جارحیت پر کشمیر کے عوام سراپا احتجاج ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عام شہریوں کی نقل و حرکت کو ان کے گھروں تک محدود کرکے یا ظلم و تشدد کا نشانہ بنا کر آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔