BRT کا سول ورک مکمل، کنٹریکٹر کا منصوبہ تحویل میں لینے کیلئے PDA کو خط

February 25, 2020

BRT کا سول ورک مکمل

پشاور( گلزار محمد خان) بس ریپڈ ٹرانزٹ BRT کے کنسلٹنٹ نے کنٹریکٹر کو مزید تعمیراتی کام نہ کرنے اور ٹرانس پشاور کو آلات نصب کرکے بسوں کی آزمائشی بنیادوں پر سروس شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ کنٹریکٹر نے سول ورک مکمل کرکے منصوبہ کے تینوں سیکشن پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو تحویل میں دینے کیلئے خط ارسال کردیا ہے تاہم پی ڈی اے نے چیک لسٹ کے مطابق پراجیکٹ کنٹریکٹر سے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث پاکستان تحریک انصاف حکومت کا 70ارب کا میگا پراجیکٹ بس ریپڈ ٹرانزٹ BRT منصوبہ لاوراث ہوگیا ہے جبکہ مختلف سٹیشنوں پر تعمیراتی کام کے دوران ٹائلیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں، ’’ جنگ ‘‘ کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق BRT کنسلٹنٹ میک میکڈونلڈ نے کنٹریکٹر کو مزید کام نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ، دستاویزات کے مطابق کنسلٹنٹ میک میکڈونلڈ نے ٹرانس پشاور کو اپنی بسیں آزمائشی بنیادوں پر چلانے اور آئی ٹی ایس سسٹم کی تنصیب جبکہ کنٹریکٹر کو روٹ پر کام کیلئے ٹرانس پشاور سے اجازت لینے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد کنٹریکٹر نے سول کام مکمل کرکے پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ریچ ون، ٹو اور تھری حوالے کرنےکیلئے19فروری کو3 خطوط بھجوادئیے ، جن میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے لہذا بی آر ٹی کو کنٹریکٹر سے لیا جائے تاہم پی ڈی اے نے اب تک بی آر ٹی کو اپنی تحویل میں نہیں لیا، پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق کنٹریکٹر سے بی آر ٹی منصوبہ چیک لسٹ کے مطابق تحویل میں لیا جائیگا، دوسری جانب ٹرانس پشاور کی جانب سے تعمیراتی کام کے دوران مختلف سٹیشنوں پر ٹائلیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔