مدارس کی رجسٹریشن درست فیصلہ ہے،طاہر اشرفی

February 25, 2020

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد والمدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مدارس عربیہ پاکستان کے امن،سلامتی اور اعتدال کے گہوارے ہیں۔ پاکستان کے مدارس سے دنیائے اسلام میں سب سے زیادہ طلبا،حفاظ اور علماء نے تعلیم حاصل کی ہے۔ ستر برس بعد موجودہ حکومت نے مدارس عربیہ کی رجسٹریشن کا عمل وزارت صنعت کے بجائے وزارت تعلیم کے ساتھ کیا ہے جو درست فیصلہ ہے، پاکستان علماء کونسل اور وفاق المساجد والمدارس اس اقدام کی حمایت کرتی ہے۔دینی مدارس میں مداخلت کا اختیار کسی کونہیں دیا جاسکتا۔ دینی مدارس کا نصاب نہ تبدیل کیا جارہا ہے نہ کوئی تبدیل کرسکتا ہے۔ جدید علوم کی مدارس عربیہ میں تعلیم کا فیصلہ مدارس کے ذمہ داران نے کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامعہ عمر فاروق میں دستار بندی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا ابوبکر صابری، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا شہباز احمد ، مولانا حفیظ الرحمن ، قاضی مطیع اللہ سعیدی ، مولانا نائب خان ، مولانا ذوالفقار ، مولانا عطاء اللہ بندیالوی نے بھی خطاب کیا۔