مشفق کنٹریکٹ کے تحت دورئہ پاکستان کے پابند ہیں،بنگلہ دیش

February 26, 2020

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر امید ہے کہ سابق کپتان مشفق الرحیم آئندہ ماہ قومی ٹیم کے ساتھ پاکستان کے دورے پر جائیں گے۔ بی سی بی صدر نظم الحسن نے منگل کو کہا کہ مشفق الرحیم اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے کراچی جائیں گے۔ اپریل میں بنگلہ دیشی ٹیم ایک ون ڈے اور ایک ٹیسٹ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ مشفق نے ابتدا میں سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان جانے سے انکارکردیا تھا لیکن مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کراچی جانے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔ نظم الحسن نے کہا کہ ابھی تک مشفق نے اپنے فیصلے سے ہمیں آگاہ نہیں کیا ہے لیکن امیدہے کہ وہ قوم کے وسیع تر مفاد میں کراچی جائیں گے۔ ہر کھلاڑی کے لئے اہم ہے کہ وہ اپنے خانہ سے مشاورت کرے لیکن قومی مفاد کی بھی اہمیت ہے۔ مشفق الرحیم کا بورڈ سے سینٹرل کنٹریکٹ ہے، جس کے تحت وہ دورے کے پابند ہیں۔ نظم الحس نے کہا کہ مشفق الرحیم اپنے برادر نسبتی محمود اللہ ریاض سے مشورے کریں اور اس کے بعد کوئی فیصلہ کریں۔ محمود اللہ نے حال ہی میں ٹی20 میں بنگلہ دیش کی کپتانی کی جبکہ وہ ٹیسٹ ٹیم کا بھی حصہ تھا۔ امکان ہے کہ مشفق الرحیم کو زمبابوے کے خلاف ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ سے ڈراپ کردیا جائے گا۔ پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دی تھی۔