تیل کی طلب پر کورونا وائرس کے اثرات مختصر ہوں گے

February 26, 2020

ریاض (اے پی پی)سعودی کمپنی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین الناصر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تیل کی طلب پر اثرات مختصر مدت کے لیے ہوں گے، رواں سال کی دوسری شش ماہی میں تیل کا استعمال بڑھ جائے گا۔غیرملکی میڈی اکے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ توانائی استعمال کرنے والے ملک چین میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیل جانے کے سبب طلب کے متاثر ہونے سے رواں سال تیل کی قیمتیں نیچے آئی ہیں، چین سے باہر اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافے کے ساتھ آج ایک بار پھر قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔امین الناصر کے مطابق یہ مندی مختصر مدت کے لیے ہے اور انہیں یقین ہے کہ رواں سال کی دوسری شش ماہی میں طلب کے حوالے سے بالخصوص چین میں بہتری آئے گی۔ یہ دورانیہ طویل مدت کا نہیں ہو گا۔الناصر نے مزید کہا کہ ارامکو جو دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے، وہ چین سے اپنے ملازمین کو واپس نہیں بلائے گی۔واضح رہے کہ اوپیک تنظیم کے رکن ممالک اور ان کے حلیف پیداوار کی پالیسی سے متعلق فیصلے کے لئے آئندہ ماہ اکٹھا ہوں گے۔