اپ گریڈیشن سمیت نوپ یونین کی مطالبات کے حق میں احتجاجی مہم

February 26, 2020

اسلام آ باد(نیوز رپورٹر) پاکستان پوسٹ کے آپریشنل ملازمین کو ساڑھے تین سال سے اپ گریڈیشن نہ ملنے اور ہزاروں خالی آسامیوں پر بھرتی نہ ہونے سمیت نوپ یونین نے مطالبات کے حق میں احتجاجی مہم شروع کر دی ہے جس کے تحت پیر کے روزسے راولپنڈی ،اسلام آباد،چکوال، سمیت ملک بھر کے جی پی اوز میں ایک گھنٹہ دس بجے سے گیارہ بجے تک قلم چھوڑ احتجاج کیاگیا۔ راولپنڈی جی پی او میں سرکل سیکرٹری جنرل راجہ محمد افتخاراور ملک یاسر فرازکی قیادت میں سیکڑوں ملازمین جی پی او کے کمپائونڈ میں جمع ہوگئے اور مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کی۔نوپ قیادت نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو پیر2 مارچ سے مکمل تالہ بندی کی جائے گی۔بابر حسین قریشی،رانا جاوید،ملک وحید اور دیگر عہدیداروں نے خطاب میں کہا کہ اپ گریڈیشن پاکستان پوسٹ ملازمین کا ٖحق ہے ۔جولائی 2016میں ملک بھر کے تمام وفاقی اور صوبائی ملازمین کو اپ گریڈ کر دیا گیا اور متعدد اداروں کو مزید نئے سکیلوں اور الائونسز سے نوازا جا رہا ہے لیکن سکیل 14 تک کے پوسٹل ملازمین کی اپ گریڈیشن کو ماضی کی طرح مختلف حربوں سے ساڑھے تین سال تک بلا جواز تعطل میں رکھنے کے بعد اب وزارت خزانہ کی طرف سے معاشی رکاوٹوں کی آڑ میں مطلوبہ فنڈز دینے سے انکار کر دیا گیا ہے ۔رہنمائوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ دیرینہ حق کیلئے انکی طویل مگرپرامن جدوجہد کا غلط مطلب لیا گیا۔ اب حقوق ملنے تک احتجاج جاری رہے گا اور مرکزی قیادت کے فیصلوں کی پابندی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اپ گریڈیشن کی باضابطہ اصولی منظوری دے چکی ہے۔ادارے نے بھی ملازمین کی اپ گریڈیشن کے حق کی حمایت کر دی ہے مگر وزارت خزانہ نے عوام کو خدمات فراہم کرنیوالے اہم اور پرانے ادارے کے محنتی اور پرامن ملازمین کو احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔مظاہرین نے وزیر اعظم عمران خان اوروفاقی وزیر مراد سعید سے ادارے میں سالہا سال سے خالی آسامیاں پر کرنے، ملازمین کیلئے ٹائم سکیل کا خاتمہ کرکے سروس سٹرکچر بنانے اور دیگر اداروں کی طرح ہفتہ کی چھٹی کا پاکستان پوسٹ کے آپریشنل ملازمین پر ا طلاق سمیت تمام دیرینہ مطالبات تسلیم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔