محکمہ صحت پنجاب : کورونا وائرس کےحوالے سے مانٹیرنگ روم قائم

February 28, 2020

کراچی اور اسلام آباد میں 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد محکمہ صحت پنجاب متحرک ہوگیا، اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کرکے عملے کو الرٹ کردیا گیا۔ دوسری جانب لاہور کے میڈیکل اسٹورز پر میڈیکل اور سرجیکل ماسک غائب ہوگئے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب نے کورونا وائرس کے حوالے سے مانٹیرنگ روم قائم کردیا، جہاں بیرون ملک سے آنے والے مسافروں اور مشتبہ کیسز سے متعلق معلومات رکھی جا رہی ہیں۔

سیکریٹری صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی علامات 2 دن بعد ظاہر ہوتی ہیں، پھیپھڑوں کا انفیکشن اور نمونیا کورونا وائرس کی ایک شکل ہے، درجہ حرارت 35 ہونے پر وائرس کمزور ہوجائے گا، کورونا ٹیسٹ کی سہولت سمیت دیگر تیاریاں مکمل ہیں۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کہ اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈز قائم کرکے ضروری سامان پہنچا دیا گیا،جبکہ عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب مارکیٹ سے این 95 ماسک پہلے ہی غائب تھے، اب سرجیکل اور میڈیکل ماسک بھی نہیں مل رہے۔

محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ماسک غائب کرنے اور انہیں بلیک میں بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔