سپر مارکیٹ میں خواتین ’ٹوائلٹ پیپر‘ پر لڑ پڑیں

March 10, 2020

کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا تین خواتین سڈنی کی سپر مارکیٹ میں ٹوائلٹ پیپر پر لڑ پڑیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خواتین کے جھگڑنے پر سپر مارکیٹ انتظامیہ نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی اور ناکامی پر پولیس کو طلب کیا، پولیس نے ایک خاتون کو حراست میں لے لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تینوں خواتین ایک دوسرے سے ٹوائلٹ پیپر چھیننے میں مصروف ہیں اور غصے میں چیختے ہوئے ایک دوسرے کے بال کھینچ رہی ہیں۔

ایک خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے صرف ایک پیکٹ چاہئے تھا لیکن اس خاتون نے پوری ٹرالی ٹوائلٹ پیپر سے بھر لی ہے اور مجھے ایک ٹوائلٹ پیپر بھی نہیں ملا ہے۔

سپر مارکیٹ کی جانب سے ٹوائلٹ پیپر کی فروخت وافر مقدار میں شروع کردی گئی ہے اور صارفین کویقین دہانی کرائی ہے کہ کوئی کمی نہیں ہے آرام سے ٹوائلٹ پیپر خریدے جاسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا میں نئے کورونا وائرس کے 70 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔