بلوچستان ، خیبرپختونخوا میں پولیو کے نئے کیس رپورٹ

March 11, 2020

بلوچستان میں پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں پولیو کے نئے کیس سامنے آگئے، ژوب سے تعلق رکھنے والے 2 سال کے بچے میں وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں 3 سال کی بچی میںپولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔

بلوچستان کے محکمہ صحت حکام کے مطابق ژوب میں 2 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مذکورہ بچے کے پولیو سے متعلق نمونے 26 اور 27 فروری کو لئے گئے تھے ۔

رواں برس بلوچستان میں پولیو کے کیسز کی تعداد 5 ہوگئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ بچے کا تعلق پولیو کے قطرے پلانے سے انکاری گھرانے سے ہے ۔

حکام نے بتایا کہ بچے کے گھر والے اس سے قبل 4 بار پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کر چکے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پشاور کے مطابق خیبرپختونخوا میں پولیو کا نیا کیس ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں 3 سال کی بچی کا سامنے آیا ہے ۔

رواں سال کے پی میں پولیو کیسزکی تعداد 13 ہوگئی ہے، محکمہ صحت پشاور کا کہنا ہے کہ صوبے کے 16 اضلاع میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں 34 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔