عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کا کراچی ایئر پورٹ کا دورہ

March 13, 2020


عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بین الاقوامی آمد کے شعبے کا دورہ کیا ہے اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

حکومت سندھ کے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور کراچی ایئرپورٹ پر کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سندھ حکومت کی 78 رکنی ٹیم کے فوکل پرسن ڈاکٹر اشفاق میمن نے عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کو کئے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق عالمی ادارے صحت کی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر قائم کئے گئے آئسولیشن روم کا جائزہ لیا اور بین الاقوامی پروازوں سے پہنچنے والے مسافروں کی تھرمل اسکینرز کے ذریعے چیکنگ کی مانیٹرنگ کی۔

ذرائع کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کو یہ بھی بتایا گیا کہ تھرمل اسکینرز کے ذریعے مشتبہ قرار دیئے گئے مسافروں کو کس طرح آئیسولیشن روم میں رکھ کر خصوصی ایمبولینس سے سندھ حکومت کے قائم کردہ کورونا سینٹر منتقل کیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ پر سول ایوی ایشن اور سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔