فرانس پرتگال کے تعلیمی ادارے، امریکی ڈزنی لینڈ بند، اجتماعات پر پابندی

March 13, 2020

کورونا وائرس سے متاثرہ ملکوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، بیشتر ملکوں کی طرح فرانس اور پرتگال نے بھی اسکول، یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کردیا۔

امریکی ریاست نیویارک میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی، اسپین نے چار ٹاؤنز کو قرنطینے میں تبدیل کردیا۔ کینیڈا کے وزیر اعظم کی اہلیہ صوفی ٹروڈو میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق کردی گئی۔

کورونا کے پیش نظر والٹ ڈزنی کمپنی نے کیلیفورنیا میں اپنا ڈزنی لینڈ اور ایڈونچر تھیم پارک کل سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ نیوجرسی میں 250 اور نیویارک میں 500 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی لگادی گئی ہے.

آسٹریلیا میں اجتماعات پر پابندی ہے۔ امریکا، اٹلی اور ہانگ کانگ میں موجود کچھ گرجا گھروں نے اپنی تمام تقریبات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ارجنٹینا نے متاثرہ ملکوں کے سیاحوں کو ویزہ نہ دینے اور کھیلوں کے مقابلے بغیر تماشائیوں کے کرانے کا اعلان کیا ہے۔

برازیل کے صدر کے کمیونیکیشن سیکریٹری بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، اسکے علاوہ اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں موجود فلپائنی خاتو ن سفیر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ جس کے بعد فلپائن کا مشن بند کردیا گیا ہے۔