کورونا وائرس عالمگیر وبا ہے، طاہر القادری

March 15, 2020

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمگیر وبا ہے جس نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے، کورونا وائرس سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ بنانا ناگزیر ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کورونا وائرس پر مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ عامۃ الناس کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل کریں، خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں تاہم ہدایات کو نظر انداز ہر گز نہ کریں۔ نبی کریمؐ نے وبا سے متاثرہ علاقوں میں آمدورفت اور میل ملاپ سے منع کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچنے کے لیے تدابیر اختیار کرنے کا حکم ﷲاور اس کے رسول ؐ نے سختی سے دیا، ایسی آفات پر قرآن و سنت اور نبوی تعلیمات سے ہدایات اور رہنمائی ملتی ہے۔ احتیاط اور تدابیر کو نظر انداز کرنے والاﷲ اور اس کے رسول کو پسند نہیں۔

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ فرمان رسول ؐ ہے کہ جس خطے میں وبا پھیل جائے وہاں ہر گز مت جاؤ، سوسائٹی کا ہر فرد ایسی آفات کی آمد پر اپنا ذمہ دارانہ سماجی کردار ادا کرے، عامۃ الناس ملکی و بین الاقوامی ہیلتھ آرگنائزیشن کی تجویز کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔