میٹرک کے امتحانات 15جون سے ہوں گے

March 16, 2020

وزیر تعلیم سعید غنی کی کراچی میں پریس کانفرنس

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے نویں اور دسویں کے امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 جون سے نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات شروع ہوں گے جو 15 دن تک چلیں گے۔

وزیر تعلیم سعید غنی نےکراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ15 اگست 2020 کو دسویں جماعت کے رزلٹ کا اعلان ہوگا، 6 جولائی 2020 میں گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات ہوں گے۔15 ستمبر 2020 کو گیارہویں اور بارہویں جماعت کےامتحانات کے نتائج آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یکم اپریل سے شروع ہونے والا تعلیمی سال یکم جون سے شروع ہوگا، اگر حالات مزید خراب ہوئے تو مزید تبدیلیاں کریں گے۔

انٹر کے تعلیمی سال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ گیارہویں اور بارہویں کا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔

گیارہویں جماعت کے داخلے 15 جولائی سے شروع ہوں گے، بچوں کا کالج میں ایڈمیشن نویں جماعت کے رزلٹ پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یکم جون کو اسکول کھلیں گے، یکم جون سے 15 جون تک پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات ہوں گے، بچوں کو امتحانات سے قبل شیڈول بھیجا جائے گا۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ مشکل ہے کہ 5 اپریل کو باقی صوبوں کے اسکول کھلیں گے، وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں سے بھی اپیل ہے کہ چھٹیاں 30 مئی تک کریں۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ اے لیول اور او لیول کے طلبا اور ان کے والدین پریشان ہیں، شفقت محمود سے بھی کیمبرج اسکولوں کو بند کرنے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیمبرج کے حوالے سے حتمی فیصلہ آنا ابھی باقی ہے، زیادہ امکانات موجود ہیں کہ کیمبرج کے امتحانات کا شیڈول بھی تبدیل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ والدین کہہ رہے ہیں کہ اسکول بند ہیں تو فیس کیوں دیں؟ عدالت کے فیصلے کے مطابق تمام والدین ماہانہ فیس دیں گے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ عدالتی حکم تھا کے اسکول بچوں سے ایڈوانس فیس نہیں لےگا، عدالت نے گرمیوں کی فیس روکنے کا اعلان نہیں کیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 300 کے قریب لوگ تفتان سے سکھر پہنچ گئے ہیں، ایران میں موجود پاکستانیوں کی تعداد 900 کے قریب ہے، ایف آئی اے ڈیٹا کے مطابق ان لوگوں کی تعداد 1200 کے قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا کہ ایران میں موجود پاکستانیوں کو جہاز سے یہاں لے کر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر مذہبی رہنماؤں کی مدد کا شکر گزار ہوں، مذہبی رہنماؤں نے اپنی سرگرمیاں محدود کی ہیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جو لوگ گھروں میں دعوتیں کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی، ہم مختلف سڑکوں پر لگنے والی مارکٹیوں کو بھی بند کرارہے ہیں۔

اس وقت تمام حکومتیں اور لوگوں کو مل کر کام کرنا ہے، وفاقی حکومت اور دیگر صوبوں میں وہ تیزی نظر نہیں آرہی۔

میں سمجھا ایم کیو ایم کورونا وائرس پر پریس کانفرنس کرےگی، ہمیں برا بلا کہنے کے لئے بہت وقت پڑا ہے، اس وقت سب حکومت کا ساتھ دیں، جو بھی فیصلے کررہے ہیں شہریوں کی بہتری کے لئے کررہے ہیں

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ایڈوائزری پر عمل کیا جائے، حکومت نے جو بھی فیصلے کیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کئے۔

ہم نے ایسے ادارے بھی بند کرائے جو کبھی بند نہیں ہوئے تھے، اسٹیرنگ کمیٹی میں پرائیوٹ اسکولز کے اراکین بھی تھے۔

کورونا وائرس مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، بچوں کے والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ بچوں کو محفوظ رکھیں، ہم بچوں کی صحت پر پریشان ہیں، بچوں کو گھروں میں رکھیں۔