تحریک انصاف جاپان کے انتخابات، احمد سعید بھٹی کامیاب

March 18, 2020

تحریک انصاف جاپان کے انتخابات میں سابق صدر اور تحریک انصاف جاپان کے سینئر رہنما احمد سعید بھٹی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔

تحریک انصاف اوورسیز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف جاپان کے انتخابات کے لیے صرف ایک ہی گروپ جاپان ایگلز نے اپنے امیدوار نامزد کیے تھے۔

لہذا جاپان ایگلز کے صدر احمد سعید بھٹی کو اگلے ایک سال کے لیے پاکستان تحریک انصاف جاپان کا صدر منتخب کیا گیا ہے، جبکہ ان کی ٹیم میں سینئیر نائب صدر راجہ گوہر اختر، جنرل سیکریٹری محمد عون شاہد جبکہ ایڈیشنل جنرل سیکریٹری صالح مصطفیٰ کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔

اس موقع پر اپنے ایک بیان میں نو منتخب صدر احمد سعید بھٹی نے کہا کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ جس کے خاص کرم سے وہ ایک بار پھر تحریک انصاف جاپان کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ وہ یقین دلاتے ہیں کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے پارٹی کے لیے بنائے گئے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پارٹی اور ملک کی خدمت کو پہلے سے بھی بہتر انداز میں جاری رکھیں گے۔

جبکہ تحریک انصاف کے آفس آف انٹرنیشنل چیپٹر کی زیر نگرانی کام کرتے ہوئے تحریک انصاف جاپان کو کمیونٹی میں مقبول بنانے کے لیے اپنی خدمات انجام دیں گے۔

احمد سعید بھٹی نے کہا کہ وہ جاپان میں اپنے اور وزیر اعظم عمران خان کے چاہنے والوں کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت وہ ایک بار پھر تحریک انصاف جاپان کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔

اس موقع پر تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی نے کہا کہ ہمارے گروپ نے تحریک انصاف جاپان کے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے جس کی وجہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن کی غلط پالیسی تھی۔

جاوید نیازی کے مطابق تحریک انصاف اوورسیز کے کارکن ملک میں موجودہ حکومت میں وزیر اعظم عمران خان کے سوا کسی بھی حکومتی شخصیت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔